ایک طرف جہاں حکومت سے لے کر ضلع انتظامیہ نافذ لاک ڈاؤن پر عوام سے عمل کرانے کو لے کر متحرک ہے۔ بنا ماسک لگائے گھر سے باہر نکلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے تو وہیں بہار کے ضلع ارریہ میں ضلع انتظامیہ سیاسی رہنماؤں پر مہربان نظر آ رہا ہے۔
ضلع انتظامیہ کا عوام کے لئے سختی اور رہنماؤں کے لئے نرمی کئی سوال کھڑا کررہا ہے، کیونکہ قانون سبھی کے لئے یکساں ہے اور اس پر عمل پیرا ہونا سبھی پر لازم ہے پھر چاہے وہ خاص ہو یا عام۔
ایسا ہی ایک معاملہ ارریہ کے آشرم محلہ کا سامنے آیا ہے جہاں کنٹمنٹ زون محلہ کا معائنہ کرنے پہنچے ایس ڈی پی او کے ساتھ بھاجپا رہنما اجے جھا بنا ماسک لگائے گھوم رہے تھے۔
دراصل آشرم محلہ کے گرلس ہائی اسکول میں کورینٹائن میں رہ رہا بہار پولس کا جوان جو کووڈ 19 کا مثبت پایا گیا تھا، اس کے بعد سے اس علاقے کو کنٹمنٹ زون قرار دے کر 5 وارڈوں کو سیل کر دیا گیا تھا اور عام لوگوں کے آمد و رفت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ اسی زون کا معائنہ کرنے ارریہ کے ایس ڈی پی او پشکر کمار پولس اہلکار کے ساتھ پہنچے تھے اور حیرت کرنے والی بات یہ کہ ایس ڈی پی او کے ساتھ چل رہے بھاجپا رہنما بنا کسی فاصلے کے اور بنا ماسک لگائے قانون کی دھجیاں اڑا رہے تھے۔
واضح ہو کہ اجے جھا ارریہ اسمبلی حلقہ سے دو بار انتخاب میں اپنی قسمت آزما چکے ہیں جس میں ایک بار بھاجپا اور ایک بار لوجپا کی انتخابی نشان پر اترے تھے۔ ساتھ ہی وہ ارریہ کے نامی کانٹرکٹر ہیں۔
ان سے جب اس بارے میں سوال کیا گیا تو اپنے رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی غلط نہیں کیا ہے۔ سماجی کارکن کی حیثیت سے میں ہمیشہ عوام کے درمیان رہا ہوں مگر بغیر ماسک لگائے گھومنے والے سوال کا کوئی معقول جواب نہیں دے سکے۔