مدھیہ پردیش کے مورینا ضلع میں زہریلی شراب پینے سے 11 افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ درجنوں افراد بیمار ہو گئے ہیں۔ ایس پی مورینا نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
معاملے کے متعلق 8 افراد کو پولیس نے گرفتار کیا ہے جبکہ چار کے خلاف ایف آئی آر درج کر لیا گیا ہے۔
اچانک ایک ہی علاقے میں 12 سے زیادہ افراد کے بیمار ہونے کی اطلاع کے بعد مقامی پولیس جائے موقع پر پہنچی اور بیمار لوگوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا، جہاں علاج جاری ہے۔ اسی کے ساتھ ہی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا ہے۔
6 افراد کی حالت تشویشناک
اطلاعات کے مطابق یہ معاملہ باگچینی تھانے حلقہ کے تحت چھیرا مانپور گاؤں اور سوماولی تھانہ کے پہوالی گاؤں کا ہے۔ اس دوران چھیرا مانپور گاؤں میں زہریلی شراب کی وجہ سے سات افراد کی موت ہوگئی جبکہ پہوالی گاؤں میں زہریلی شراب پینے کے بعد ایک شخص کی موت ہوگئی۔ تاہم شدید طور سے بیمار 6 افراد کو ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی 2 کو تشویشناک حالت میں علاج کے لئے گوالیار ریفر کیا گیا ہے۔ اب تک 10 لوگوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
اجین زہریلی شراب اسکینڈل میں 16 افراد کی موت ہوئی تھی
واضح ہو کہ مدھیہ پردیش میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب زہریلی شراب پینے کی وجہ سے بہت سارے لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ 14 اکتوبر 2020 کو اجین میں زہریلی شراب پینے کے بعد 16 افراد کی موت ہوگئی تھی۔ شراب بنانے کے لئے ایتھینال کے ساتھ زیادہ مقدار میں میتھینال کی ملاوٹ سے ایسا حادثہ پیش آیا تھا، میتھینال جسم کے لئے کیمیکل زہر ہے، اس کی 10 ملی لیٹر کی مقدار انسان کو اندھا بنا سکتی ہے۔
بڑوانی میں بھی ہوئی تھی اموات
6 ستمبر 2020 کو بڑوانی کے نیوالی پولیس اسٹیشن کے تحت زہریلی شراب پینے کے بعد دو افراد کی موت ہوئی تھی۔ سیندھوا کے دیوانیہ گاؤں میں زہریلی شراب پینے سے 2 لوگوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ 6 افراد کی بیمار ہو گئے تھے۔