وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے منگل کو یہاں ضلع مجسٹریٹ اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کے بعد کہا کہ کووڈ 19 کے پیش نظر ریاست میں نافذ لاک ڈاؤن کی مدت 15 ستمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیکل پینل کے ماہرین اور ماہرین تعلیم کی رائے کی بنیاد پر نویں سے بارہویں جماعت تک کے اسکول ، کالج اور پولی ٹیکنک ادارے بدھ سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔اسکولوں اور کالجوں سے منسلک ہاسٹل کھولنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہاسٹل میں کام کرنے والے مردوں اور عورتوں کو حکومت کی جانب سے وضع کردہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پڑوسی ریاست کیرالہ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر حکومت نے وہاں سے آنے والے طلباء کو ویکسین لگانا لازمی قرار دیا ہے۔ نیز، انہیں تمل ناڈو میں داخل ہونے سے پہلے آر ٹی۔پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں:
اس دوران اسٹالن نے عوام اور طلباء سے اپیل کی کہ وہ ماسک پہنیں ، جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اور اسکولوں اور کالجوں میں کووڈ۔ 19 کے رہنما خطوط پر عمل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ طلباء کی تعلیم اور ذہنی تندرستی کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
(یو این آئی)