ریاست ہریانہ میں جمعرات کو عالمی وبا کورونا وائرس کے 260 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد ریاست میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 15201 ہوگئی ہے۔
ہریانہ میں اب تک اس موذی وائرس سے 240 افراد فوت ہو گئے ہیں جبکہ 10527 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ریاست میں اب کورونا کے 4414 فعال معاملے موجود ہیں۔ یہ اطلاع ریاستی محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے محکمہ کی کورونا کی حالت کے بارے میں جاری کردہ بلیٹن میں دی گئی ہے۔
ریاست میں کورونا انفیکشن مثبت شرح 5.69 فیصد، صحت مند ہونے کی شرح 69.38 فیصد ہے جبکہ شرح اموات 1.58 فیصد ہے۔
ریاست کے تمام 22 اضلاع فی الحال کورونا کا شکار ہیں۔ ریاست کے ضلع گروگرام میں اب تک سب سے زیادہ کورونا کے معاملے درج ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ فرید آباد، سونی پت، روہتک، امبالا، پلول اور کرنال کے اضلاع میں بھی کورونا کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور اس وائرس سے قریباً اٹھارہ ہزار افراد کی موت بھی واقع ہو چکی ہے جبکہ تین لاکھ 60ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ وہیں ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ لیبس کی تعداد بڑھ کر 1065ہو گئی ہے۔