ریاست اوڈیشہ میں عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ 19) کی وجہ سے نافذ مکمل لاک ڈاؤن کے باوجود معاملے بڑھتے جا رہے ہیں اور پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 570 نئے معاملوں کی تصدیق کے بعد ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 12,526 ہوگئی۔
محکمہ صحت اور خاندانی بہبود نے بتایا کہ کورونا متاثرہ مزید پانچ مریضوں کی موت کے بعد ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 61 ہو گئی ہے۔ جس میں سے 36 اموات صرف گنجم ضلع میں ہوئی ہیں۔
پچھلے 24 گھنٹوں میں ہوئی پانچ اموات میں سے دو گنجم اورپوری،کھردا اور کٹک ضلع میں ایک ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔
اس دوران ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ کیندر پاڑا میں ایک 62 سالہ بزرگ خاتون کی موت کے بعد ریاست میں کورونا کے علاوہ دیگر کسی بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔
اوڈیشہ کے کئی اہم علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کی وجہ سے زندگی تھم گئی ہے۔ حکومت نے ریاست کے دس سب سے متاثرہ اضلاع میں جولائی مہینے میں ہر ہفتے اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ سب سے زیادہ متاثر گنجم ضلع میں ضلع انتظامیہ نے 13 جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ کئی ضلعی افسروں نے لوگوں کے ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں جانے پر بھی روک لگا دی ہے اور دیگر اضلاع سے دوسرے ضلع میں جانے والے لوگوں سے 14 دن تک الگ تھلگ رہنے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔