مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے بھگوان پورہ تھانہ علاقے کے رائے ساگر میں ایک ملزم کو گرفتار کرنے گئی برہان پور ضلع کی پولس فورس پر حملہ کردئے جانے کی وجہ سے چار پولس اہلکار زخمی ہوگئے۔
بھگوان پورہ کے تھانہ انچارج وشیشور کریل نے بتایا کہ کل شام برہان پور کے نیپانگر تھانہ علاقے کے تحت ناورا پولس چوکی کی پولس فورس بھگوان پورہ تھانہ علاقے کے رائے ساگر کے رہنے والے ملزم لال سنگھ کو زمین قبضہ کرنے اور فساد سے متعلق معاملے میں گرفتار کرنے کے لئے گئی تھی۔ جب وہ لال سنگھ کے گھر پہنچی تو لال سنگھ، اسکے بیٹوں اور دیگر گاؤں والوں نے انہیں گھیرکر پتھروں اور لاٹھی ڈنڈوں سے ان پرحملہ کردیا۔
اس واقعہ میں برہانپور ضلع کے ناورا پولس چوکی انچارج ششی کانت گوتم، اسسٹنٹ سب انسپکٹر سنیل پاٹل، ہیڈ کانسٹبل اجے کمار اور سندیپ کیتھ واس زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ برہانپور ضلع کے ناورا پولس چوکی انچارج ششی کانت گوتم کی شکایت پر لال سنگھ اور اس کے بیٹوں اور بھائی رام، منیش، امیش، ناتھو، بیوی بدی بائی سمیت آٹھ لوگوں کو نامزد اور دس دیگر لوگوں کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے، فساد کرنے اور مارپیٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار کرنے گئی پولس فورس نے بھگوان پورہ پولس کو اطلاع نہیں دی تھی۔ دیر رات درج ہوئے اس معاملے میں فی الحال کسی کو گرفتار نہیں کیاگیا ہے۔