بھوپال: دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہونے سے پہلے پارٹی کے اندر ہی اندرونی لڑائی شروع ہوگئی ہے۔ راہل کے حامی ایک بار پھر پارٹی کی ذمہ داری راہل گاندھی کو دینے کی حمایت کررہے ہیں۔ جبکہ ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو سونیا گاندھی کو صدر کی حیثیت سے دیکھنا چاہتا ہے۔
ایم پی کانگریس کے سینئر رہنما بھی دو دھڑوں میں تقسیم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے کانگریس صدر کے عہدے کے لیے سونیا گاندھی کی حمایت کی ہے، جبکہ کانگریس کے سینئر رہنما ارون یادو نے راہل گاندھی کو موزوں خیال کیا ہے۔
سابق سی ایم کمل ناتھ نے ٹویٹر پر لکھا- سونیا گاندھی کی قیادت پر کوئی بھی مشورہ یا اعتراض بے جا ہے، میں سونیا گاندھی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صدر کی حیثیت سے کانگریس کو مضبوط کریں اور کانگریس کی قیادت جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فراموش نہیں کیا جانا چاہیے کہ سونیا گاندھی کے خلاف تمام جھوٹی افواہوں کے باوجود انہوں نے سنہ 2004 میں کانگریس کی قیادت کی اور اٹل بہاری واجپئی کو گھر بیٹھا دیا'۔
کانگریس کے رہنما ارون یادو نے راہل گاندھی کی حمایت میں ٹویٹ کیا اور کہا کہ وہ اپنی ضد چھوڑ دیں اور ملک کے کروڑوں کارکنوں کے جذبات کے مطابق پارٹی اور ملکی مفاد میں کل وقتی صدر کی ذمہ داری سنبھالیں، تاکہ ہر کارکن ببر شیر کی حیثیت سے اپنی شناخت قائم کرسکے۔'