ریاست مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھوپال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ابھی کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کے بیچ نہیں جا پا رہے ہیں تاہم عوام کے لیے مکمل انتظامات کر رہے ہیں۔
انھوں نے کسانوں کے تعلق سے کہا کہ اس مرتبہ مدھیہ پردیش میں گندم کی پیداوار میں کافی زیادہ اضافہ ہوا ہے جبکہ اس سے پہلے کانگریس حکومت نے کسانوں کی فصل خریدنے کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے تھے لیکن 23 مارچ کو بھارتی جنتا پارٹی کے حکومت میں آنے کے بعد گندم کے خریدنے کی شروعات ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اندازہ تھا کہ اس مرتبہ گندم کی فصل 100 لاکھ میٹرک ٹن تک ہوگی اور اس کے انتظامات بھی کیے گئے تھے لیکن اب تک حکومت نے 118 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم کسانوں سے خرید چکی ہے۔
اس برس مدھیہ پردیش نے گندم کی پیداوار میں ریاست ہریانہ کو بھی پیچھے چھوڑ کر ریاست پنجاب کے برابر تک پہنچ گیا ہے اور اب حکومت اس جدوجہد میں لگی ہوئی ہے کہ کسانوں کی ساری فصل کو خریدا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ انتظار کریں اور جیسے ہی حکومت کی طرف سے ایس ایم ایس آئیں تو وہ اپنی فصل کو گندم سینٹر پر فروخت کردیں۔