ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج محکمہ داخلہ کے سیکریٹری ڈاکٹر مسعود اختر کے گھر پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
یکم جنوری 2001 بیچ کے آئی اے ایس افسر اور محکمہ داخلہ کے سیکریٹری مسعود اختر کا جمعہ کو شہر کے نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔ مسعود اختر کورونا مثبت تھے۔ مسعود اختر ریاست کے پہلے آئی اے ایس افسر ہیں جن کا کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال ہوا۔
کورونا انفیکشن کی وجہ سے مسعود اختر 25 دن پہلے حمیدیہ ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ ہسپتال سے چھٹی ہونے کے بعد گھر لوٹے مسعود اختر کی حالت بگڑی تو انہیں پھر سےاسپتال میں داخل کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جمعہ کی صبح مسعود اختر کو دل کا دورہ پڑا تھا۔
آج ریاست کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے مسعود اختر کے گھر پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسعود اختر بہت ہی ایماندار اور ذمہ دار افسر تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے وزیر اعلی رہتے ہوئے مسعود اختر بہت سے اضلاع میں کلکٹر رہے۔ وہ جہاں بھی کلکٹر رہے انہوں نے لوگوں کی اچھی طرح سے خدمت انجام دی۔ انہوں نے ہمیشہ عوام کو فائدہ ہی پہنچایا اور ضلع کی ترقی کے لیے کام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کسان تنظیموں اور حکومت کے درمیان بات چیت جاری
انہوں نے مزید بتایا کہ جب مسعود اختر کو حکومت کے محکموں کی ذمہ داری دی گئی تو انہوں نے محکمہ داخلہ کے سیکریٹری کے عہدے کو بھی بڑی ایمانداری کے ساتھ نبھایا۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اس دکھ اور غم کی گھڑی میں ہم مسعود اختر کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شیوراج سنگھ چوہان نے مسعود اختر کو خراج عقیدت پیش کیا۔