ریاست مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے گوالیئر میں بس اور آٹو کے درمیان ہوئی بھیانک ٹکر میں ہلاک ہونے والوں کے تئیں اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعلیٰ شیوراج نے ٹویٹ کرکے کہا کہ 'گوالیئر میں بس اور آٹو میں ٹکر سے ہوئے شدید حادثے میں کئی انمول زندگیوں کے بے وقت گذر جانے سے بہت تکلیف پہنچی ہے'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'مالک سے ان کی روحوں کو اپنے قدموں میں جگہ دینے اور اہل خانہ کو یہ مصیبت برداشت کرنے کی طاقت دینے کی دعا کرتا ہوں۔ میں اور ریاست کے عوام تکلیف کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں'۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 'ریاستی حکومت کی جانب سے تمام ہلاک ہونے والوں کے خاندان کو چار چار لاکھ اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امدادی رقم دی جائے گی'۔
واضح رہے آج صبح مدھیہ پردیش کے شہر گوالیئر کے پرانی چھاؤنی علاقے میں بس اور آٹو کے درمیان ایک بھیانک سڑک حادثہ ہوا، جس میں 13 افراد کی موقع پر ہی موت جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مرنے والے میں 12 خواتین اور ایک آٹو ڈرائیور ہے۔