ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور کا ریلوے اسٹیشن بھارت کے قدیم ترین ریلوے جنکشن میں سے ایک ہے، یہ کافی بڑا بھی ہے، اس کے باوجود بھی یہاں داخلی اور خارجی دروازہ ایک ہی ہے۔ جبکہ لمبے وقت سے جنوبی حصہ میں گیٹ اور ٹکٹ کاؤنٹر کھولنے کا مطالبہ جاری ہے۔
خاص طور پر اس تعلق سے سماجی کارکن رضوان خان گذشتہ 17 برسوں سے یہ مطالبہ کرتے آئے ہیں اور آخر کار ان کی محنت رنگ لائی اور ریلوے اسٹیشن کے جنوبی حصہ میں ریلوے نے گیٹ اور ٹکٹ کاؤنٹر کھولنے کا تعمیری کام شروع کر دیا ہے۔
رضوان خان کا کہنا ہے کہ' ضلع بانکا اور بہار سے متصل جھارکھنڈ سے آنے والے مسافروں کو بھی اس نئے گیٹ سے سہولت ہوگی ساتھ ہی شمال میں ہونے والی بھیڑ میں کمی آئے گی اور عام لوگوں کو آسانی بھی ہوگی۔
مزید پڑھیں: ارریہ سے دہلی جا رہی بس حادثے کا شکار، دو کی موت
آپ کو بتا دیں کہ' بھاگلپور کے لوگ یہاں سے راجدھانی ٹرین چلانے سے لے کر ڈی آر ایم دفتر قائم کرنے کا مطالبہ لمبے وقت سے کرتے آرہے ہیں، ریلوے اسٹیشن کے جنوب میں گیٹ اور ٹکٹ کاؤنٹر کھلنے کے بعد امید لوگوں کو یہ امید جگی ہے کہ بقیہ مطالبات بھی جلد تسلیم کئے جائیں گے۔