ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے عزیزاللہ سرمست نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے ماہ ربیع الاول کے دوران برادران وطن کی خدمت میں سیرت کی کتابیں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک کے موقع پر میلاد کی محفلیں سجائی جاتی ہیں اور محفل نعت کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ مساجد، مدارس، گھروں اور محلوں کو بھی سجایا جاتا ہے لیکن برادران وطن کو ان خوشیوں میں شامل نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ اس مبارک مہینہ میں نبی کریمﷺ کی تعلیمات اور ان کی سیرت کو دوسروں تک پہنچانے کی کوشش نہیں کی جاتی جو انتہائی اہم کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ہمیں برادران وطن میں سیرت کی کتابوں کو تقسیم کرنا چاہیے تاکہ انہیں بھی آپﷺ کی تعلیمات سے واقف کروایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:
یادگیر: نعتیہ مقابلےکا انعقاد، طالبات کو انعامات سے نوازہ گیا
عزیزاللہ سرمست نے کہا کہ موجودہ حالات میں اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ایسے ماحول میں یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم لوگوں کو اسلام کے صحیح تصور سے واقف کروائیں۔
اس موقع پر وجے ناتھ ہیرے مٹھ سوامی نے کہا کہ میں نے کنڑا زبان میں قرآن شریف کا مطالعہ کیا ہے اور حضور اکرمﷺ کا وہ واقعہ جس میں ایک یہودی عورت، آپﷺ پر کچرا پھینکتی تھی، اس کو پڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر ملت کی جانب سے سیرت کی کتابیں تقسیم کی جارہی ہیں جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس سے سماج میں بہتر ماحول پیدا ہوگا۔