ریاست کرناٹک میں اوقافی جائدادوں کے تعلق سے وقف بورڈ ہمیشہ سوالوں کے گھیرے میں رہا ہے اور اس پر اس قدر بدعنوانیوں کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں کہ مسلمانوں کو یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ اپنی جائیداد کو وقف نہ کریں.
ویلفیئر پارٹی کے ریاستی صدر محمد طاہر نے کہا کہ اوقافی جائدادوں کو بزرگوں نے مسلمانوں کی فلاح و بہبودی کے لیے وقف کیا تھا جو کہ ملت اسلامیہ کی ایک بڑی امانت ہے اور افسوس کا مقام یہ ہے کہ اس امانت کے تحفظ کا احساس وقف کے ذمہ داران میں کم پایا جارہا ہے.
معروف سماجی کارکن وزیر بیگ کہتے ہیں کہ کرناٹک وقف بورڈ بدعنوانیوں کا گڑھ بن چکا ہے، نہ صرف بورڈ کے ارکان بلکہ اس کے افسران بھی اس میں ملوث ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ وقف بورڈ کے قیام کا مقصد ہی فوت ہوتا نظر آرہا ہے.
سماجی و سیاسی کارکنان کا کہنا ہے کہ وقف بورڈ کے تمام ذمہ دار وقف بورڈ کے مقصد کے تئیں کام کریں اور ان پر عائد الزامات کا ازالہ کریں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہوسکے یا پھر بہتر ہوگا کہ وقف ممبران میں ترمیم کی جائے.