قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بنگلورو میں آئی ایس آئی ایس (ISIS) کے ساتھ منسلک ہونے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
این آئی اے کی جانب سے گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت زوہیب منا کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے بدھ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
این آئی اے ذرائع کے مطابق، ایجنسی 2020 سے ملزم کی تلاش میں تھی۔ ایجنسی کے مطابق ملزم ’’آئی ایس آئی ایس‘‘ اور ’’آئی ایس آئی ایل‘‘ جیسی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں تھا۔
این آئی اے کا دعویٰ ہے کہ زوہیب منا نوجوانوں کی برین واشنگ کرکے انہیں بہلا پھسلا کر داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں میں بھرتی کرتا تھا۔ اس نے ’’قرآن سرکل‘‘ کے نام سے ایک گروپ بنایا تھا اور نوجوانوں کو ہتھیار اٹھانے پر اکساتا تھا۔
ایجنسی کے مطابق ملزم نے معصوم نوجوانوں کو شام کی پرتشدد تصاویر اور ویڈیوز دکھا کر ان کے ذہنوں میں زہر گھولا۔ اس نے کئی نوجوانوں کو ہندوستان سے ترکی کے راستے شام بھیجا۔
مزید پڑھیں: نفرت کے خلاف لڑنے کی تحریک چلارہے ہیں: ندیم خان
این آئی اے نے بنگلورو میں تاجر عرفان ناصر، تمل ناڈو کے ایک بینک ملازم احمد عبدالقدیر اور ایک ڈاکٹر محمد توقیر محبوب کو ہندوستان میں آئی ایس آئی ایس کے لیے فنڈ جمع کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔