کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے مسلم رہنماوں اور اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی اور ان سے تعاون کی اپیل کی۔
میڈیا کو جاری ایک بیان میں بی ایس یدی یورپا نے کہا کہ 'مسلم رہنماوں نے حضرت نظام الدین میں واقع تبلیغی مرکز میں شامل ہونے والے افراد کی تفصیلات مہیا کرانے کی بات کہی ہے۔'
اس کے ساتھ ہی وہ مرکز میں شامل ہونے والے افراد سے کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے کہیں گے نیز قرنطینہ کے قانون پر بھی عمل کرنے کے لیے کہیں گے۔
وزیر اعلیٰ یدی یورپا نے میڈیا کو یہ بھی اطلاع فراہم کی کہ مسلم رہنماوں نے تمام مسلمانوں کو گھروں میں ہی نماز ادا کرنے کی تلقین کی ہے اور سوشل ڈسٹنسنگ برقرار رکھنے کے لیے گھر میں ہی رہنے کے لیے کہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی مسلم رہنماوں نے اپیل کی ہے کہ صحت ملازمین کے ساتھ علاج کے دوران تعاون کریں۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ نے اپیل کی ہے کہ کووڈ 19 سے متعلق کسی بھی طرح کی افواہ پر دھیان نہ دیں۔ آئیے! ہم سب سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کوورونا کے خلاف جنگ جیتیں۔