ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں ای ٹی وی بھارت نے نوتشکیل شدہ وکلاء کی تنظیم 'آل انڈیا لائرز کونسل' کے جنرل سیکریٹری اور سینیئر ایڈووکیٹ شرف الدین احمد سے کسانوں کے مسائل پر خصوصی بات چیت کی ہے۔
واضح رہے کہ ایڈووکیٹ شرف الدین احمد شہر بنگلور کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے وکلاء کی تنظیم آل انڈیا لائیرز کونسل کی تشکیل کی ہے۔
ایڈووکیٹ شرف الدین احمد نے ملک بھر میں در پیش کئی معاملات پر روشنی ڈالی، خاص طور پر کسانوں کا احتجاج جو دارالحکومت دہلی کے قریب سنگھو سرحس اور اس کے اطراف میں جاری ہے۔
ایڈووکیٹ شرف الدین احمد نے کسانوں کے مسئلے کے متعلق کہا کہ اب سپریم کورٹ کو اپنے طور سے کچھ حل نکالنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ ان دنوں حکومت میں ایک محکمہ کے طور پر کارگزاری کررہی ہے۔
ایڈووکیٹ شرف الدین نے کہا کہ برسر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی اب نہایت ہی زور و شور سے ملک کو ہندو راشٹر بنانے کے ایجنڈے کو کامیاب کرنے میں لگئی ہوئی ہے اور کئی نئے قوانین جو لارہی ہے ان میں بیشتر مسلم مخالف ہیں۔
ایڈووکیٹ شرف الدین نے کہا کہ آل انڈیا لائرز کونسل ایک پریکٹیسنگ لائرز کا ایک فورم ہے جو کہ ملک کے مظلوم و پسماندہ طبقات کے باشندوں کے حقوق کی پاسبانی و انصاف دلانے کی جدوجہد کرتا ہے۔