ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر میں وقف اراضی پر زیر تعمیر اردو ہال کب پائہ تکمیل کو پہنچے گا؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جو اردو والوں کے لیے فکر کا باعث بنا ہوا ہے، کیونکہ وقف اراضی پر زیر تعمیر مولانا ابوالکلام آزاد اردو ہال گزشتہ چھ برسوں سے زیر تعمیر ہے۔
اردو ہال کو محکمہ لینڈ آرمی کے زیر نگرانی میں تعمیری کام کو انجام دیا جارہا ہے جسے ابھی تک وقف بورڈ کے حوالے نہیں کیا گیا ہے۔
اردو تنظیموں کی جانب سے متعدد دفعہ اس جانب توجہ دلانے کے باوجود بھی یہ اردو ہال آج بھی اپنی بے بسی پر آنسو بہا رہا ہے۔
شہر میں آبادی سے دور ہونے کے باعث اردو ہال کے اطراف و اکناف میں غیر اخلاقی حرکتیں ہو رہی ہے، شرپسند عناصر اردو ہال کے دروازے کھڑکی اور دیگر چیزوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، شہر میں اردو ہال، محکمہ وقف کی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کا ثبوت ہے۔
شہر کے وقف تحفظ کمیٹی کے ضلعی صدر عبدالکریم نالواری نے بتایا کہ اردو ہال پانچ سے چھ سال سے زیر تعمیر ہے مگر آج تک اس کو وقف بورڈ کے حوالے نہیں کیا گیا۔
محکمہ لینڈ آرمی کے ذمہ داران کو چاہیے کہ اس کو جلد از جلد وقف بورڈ کے حوالے کریں اور وقف کے ذمہ داران کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی اس بیش قیمتیں عمارت کو اپنے تحفظ میں لیتے ہوئے اردو کے فروغ کے لیے کام شروع کریں۔