ریاست کرناٹک کے گلبرگہ ضلع میں جمعرات کو چار سالہ لڑکی سمیت 8 افراد کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریض نمبر 395 کے رابط سے ساڑھے چارسالہ لڑکی، مریض نمبر 515 کے رابط سے 29 سالہ شخص، مریض نمبر 425 کے رابطہ سے 12،14،اور 17 سالہ لڑکیاں اور 40 سالہ خاتون، مریض نمبر 205 کے رابطہ سے 20 اور 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
یہ تمام متاثرین شہر کے مومن پورہ کے رہنے والے ہیں۔ آج 8 افراد کے متاثر ہونے سے کل متاثرین کی تعداد 52 پہنچ گئی ہے۔ کورونا کے سبب تاحال 5 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ فی الحال 187 افراد شہر کے ای ایس آئی سی ہسپتال میں آئی سولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
دہلی کا دورہ کرنے کے بعد شہر کو پہنچنے والے ایک شخص کے رابطہ میں آنے والے مومن پورہ علاقے کے ایک تاجر سے کئی ایک کو یہ مرض پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ 13 اپریل کو متاثرہ شخص کی موت واقع ہوئی تھی۔
حالیہ دنوں میں متاثر ہونے کے مزید معاملات کا انکشاف بھی اسی علاقے سے ہوا ہے۔ اسی طرح مومن پورہ علاقہ فی الحال کورونا ہاٹ اسپاٹ ہے۔
گلبرگہ ضلع بھر میں دن بدن کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے سبب عوام میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔