اتر پردیش کے ضلع بریلی میں محکمہ جنگلات نے چھاپہ ماری کر جنگلی جانوروں کے اعضا کو فروخت کرنے والے دکاندار کو گرفتار کیا ہے۔
بریلی میں جنسی طاقت بڑھانے کے لئے جانوروں کے اعضاء بیچے جا رہے تھے۔ محکمہ جنگلات کے افسران نے خریدار بن کر دکان پر چھاپہ ماری کی اور تمام اعضاء کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ افسران اس دکان میں خریدار بنکر پہنچے تھے۔
محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف کی ٹیم نے جانوروں کے اعضاء اور جڑی بوٹیاں بیچتے ہوئے بریلی شہر کے ایک مشہور کرانا کاروباری راما پنساری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ ٹیم دکان کے مالک شیام اگروال اور اس کے دو نوکروں کو ساتھ لے گئی اور دکان کو سیل کر دیا۔ محکمہ جنگلات کے دفتر میں شیام اگروال سے تقریبا چار گھنٹے پوچھ گچھ ہوئی۔ اس کی نشاندہی پر ٹیم نے عالم گیری گنج اور بڑا بازار میں آیور ویدک کی دکانوںپر چھاپہ ماری کی۔ بہرحال ٹیموں نے چھاپہ ماری کی کارروائی گئے رات تک جاری رکھا۔
وائلڈ لائف ٹیم کو بریلی میں ایک طویل عرصے سے کالعدم جانوروں کے اعضاء فروخت کیئے جانے کے بابت اطلاعات مل رہی تھی۔ وائلڈ لائف ٹیم دیپک کمار کی سربراہی میں بریلی پہنچی۔ اسکے بعد محکمہ جنگلات نے چھاپہ ماری کی چار ٹیمیں بنائیں۔ ٹیم کے انچارج دیپک کمار خود خریدار بنکر دکان راما پنساری کی دکان پر پہنچے۔ اُنہوں نے دکاندار سے سیار سنگھی، مانیٹر لیزارڈ کے اعضاء اور کوٹکی دوا دینے کا مطالبہ کیا۔ دکاندار نے کچھ ہی لمحات کے بعد سارا سامان نکلوا دیا۔ دیپک کمار نے سارے سامان کے فوٹو ماہرین کے پاس واٹس ایپ کرکے تصدیق کرنے کے لیئے بھیجے۔ تصدیق ہونے کے کچھ ہی دیر بعد ٹیموں نے چھاپہ مارکر اس معاملہ کا انکشاف کیا ہے۔
ڈی ایف او بھرت لال نے بتایا کہ دکان کے مالک شیام اگروال اور اس کے تین نوکروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک نوکر نابالغ تھا، لہذا اسے چھوڑ دیا گیا ہے۔ باقی سے محکمہ جنگلات کی ٹیم نے طویل عرصے تک پوچھ گچھ کی ہے۔ اس کی نشان دہی کے بعد شہر میں آیوردید کی دوا فروخت کرنے والی تمام دیگر دکانوں پر بھی چھاپے ماری کی گئی۔ ڈی ایف او نے بتایا ہے کہ سیار سنگھی کا استعمال جادو ٹونہ کرنے والے زیادہ خریداری کرتے ہیں۔ مانیٹر لیزارڈ کے اعضاء کا استعمال جنسی طاقت بڑھانے کے لئے کیا جاتا ہے جبکہ کوٹکی کا پودا نشہ کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ راما پنساری اور اُنکے تینوں نوکروں کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔