اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات (Uttar Pradesh Assembly elections) سنہ 2022ء کے دوسرے مرحلے میں ضلع بریلی میں چناؤ ہونا ہے۔ یہاں ضلع انتظامیہ نے تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی نامزدگی کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ ضلع کلیکٹریٹ میں سبھی نو اسمبلی نشستوں کے لیئے علیحدہ روم تیار کیئے گئے ہیں۔ کلیکٹریٹ کے احاطے میں بانس بلّی لگاکر بیری کیڈنگ کا کام بھی تیزی سے کیا جا رہا ہے۔
کورونا انفیکشن کو روکنے کے لیے اس بار اسمبلی انتخابات کے عمل کو مکمل کرنے میں کافی احتیاط برتی جا رہی ہے۔ اس کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے احکامات اور ہدایات جاری کئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پرچہ نامزدگی کا عمل 21 سے 28 جنوری تک جاری رہے گا۔
ضلع کلکٹریٹ کے احاطے میں ڈی ایم آفس کے باہر سے لے کر اے ڈی ایم فائنانس، اے ڈی ایم سٹی، سٹی مجسٹریٹ وغیرہ کے دفتر تک بیریکیڈنگ لگا دی گئی ہے۔ گیٹ اور دیگر راستوں سے عوام کی آمد و رفت روکنے کے لیے بیریکیڈنگ کا باقی کام ایک دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔ قبل ازیں پولیس اور انتظامیہ کے عہدیداروں نے کلکٹریٹ کے احاطے کا معائنہ کیا اور بیریکیڈنگ کا منصوبہ تیار کیا تھا۔
صرف دو تجویز کنندگان اسمبلی الیکشن لڑنے والے امیدوار کے ساتھ پرچہ نامزدگی روم میں جا سکیں گے۔ امیدوار کے حامیوں کو پرچہ نامزدگی روم سے 100 میٹر کے فاصلے پر روکا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Asaduddin Owaisi Rally in Bareilly: میں سیاست کرنے نہیں، بلکہ سیاست داں بنانے آیا ہوں، اسد الدین اویسی
پرچہ نامزدگی کے لیے امیدوار اپنے ساتھ صرف دو گاڑیاں لا سکتے ہیں۔ گاڑیوں کو پرچہ نامزدگی سائٹ سےکم از کم دو سو میٹر کے فاصلے پر روکا جائے گا۔ ضلع انتظامیہ نے ہجوم جمع نہ ہونے کے تمام انتظامات کر لیے ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے اسمبلی انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ کلکٹریٹ میں پرچہ نامزدگی کے لیے بیریکیڈنگ لگائی جارہی ہے۔ کورونا انفیکشن کے پیش نظر امیدواروں اور تجویز کنندگان کو مقررہ قواعد کے مطابق نامینیشن کے دوران آنے کی اجازت ہوگی۔