بریلی میں برطانوی حکومت کے خلاف اعلان جنگ کی گواہ مسجد نومحلہ میں بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے عام لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی ہے۔
اس مسجد کے احاطے میں تقریباً ایک صدی قدیم حضرت ناصر میاں کی درگاہ ہے۔ جہاں تمام لوگ کووڈ 19 کی گائیڈ لائن کی وجہ سے عام دنوں کی طرح حاضری دینے میں قاصر ہیں۔ پھر بھی درگاہ کے منتظم، مسجد کے امام حضرت عبد الباقی کے ساتھ کئ لوگوں نے درگاہ حضرت ناصر میاں میں حاضری دیتے ہوئے فلسطین کے مسلمانوں کی جان، مال اور آبرو کی حفاظت کی دعا کی اور خاص طور پر اسرائیل کی ظالمانہ کاروائی اور بربریت پر اسرائیل کے خاتمہ کی دعا کی، تمام مسلمانوں سے فلسطین کے حق میں دعا کرنے کی اپیل کی۔
خادم حضرت شانِ علی کمال میاں صابری نے بتایا کہ اس وقت عالمِ اسلام کے تمام مسلم حکومتوں کو متحد ہوکر اسرائیل کے خلاف اعلانِ جنگ کرنا چاہیے، اگر اب بھی مسلم حکومتوں کی آنکھیں نہیں کُھلیں تو پھر آنے والے وقت میں اسرائیل کے مظالم کا مقابلہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔
خادم حضرت شانِ علی کمال میاں صابری نے ہندوستان میں کورونا وائرس کے خاتمہ کے لیے بھی دعا کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کے حالات بہت کمزور ہیں اور یہ ملک ان دنوں ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ محکمۂ صحت کے پاس جو وسائل ہیں، ایسا معلوم ہوتا ہے، کہ وہ محدود ہیں۔ لہذا اُن سے امید نہیں کی جا سکی۔ صرف اللہ ہی رحم فرمانے والا ہے اور سب اُسی کے حکم سے ہے تو ہم اُسی سے کورونا وائرس کے خاتمہ کی دعا کرتے ہیں اور تمام مسلمانانِ اسلام کو بھی خدا سے کورونا ختم ہونے کی دعا کرنی چاہیے۔