11 اگست 2020 کو اردو ادبی دنیا کے ممتاز شاعر راحت اندوری نے اس دنیائے فانی سے الوداع کہتے ہوئے ملک و بیرون میں بسنے والے اپنے لاکھوں مداہوں کو غم زدہ کر دیا۔ برسوں تک اپنے بے باک انداز میں شاعری کو ایک نئی جہت فراہم کرنے والے راحت اندوری 11 اگست شام 4 بجکر 20 منٹ پر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے لیکن وہ اپنے پیچھے ان گنت ہزاروں یادوں کو چھوڑ گئے۔ لوگ راحت صاحب کے ساتھ گزارے ہوئے لمحوں کو آج یاد کر رہے ہیں۔
رامپور کے معروف شاعر اظہر عنایتی، جو کل ہند اور عالمی مشاعرہ میں شرکت کرکے رامپور کی نمائندگی کرتے رہتے ہیں۔ وہ ڈاکٹر راحت اندوری سے متعلق اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ متعدد قومی اور بین الاقوامی مشاعروں میں ان کے ساتھ شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ راحت اندوری جہاں بھی گئے انہوں نے اپنے منفرد انداز اور بے باک شاعری سے مشاعروں کو لوٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ مشاعروں کی کامیابی کی ضمانت ہوا کرتے تھے۔ شاعر اظہر عنایتی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ راحت اندوری کئی مرتبہ رامپور آئے اور راحت اندوری نے رامپور میں آخری مرتبہ 4 جنوری 2020 کو 'رامپور مہوتسو' کے موقع پر کل ہند مشاعرے میں شرکت کی۔
بہرحال ایسا محسوس ہوتا ہے کہ راحت اندوری نے اپنے منفرد انداز اور بے باک شاعری کی انگنت داستانیں لکھ کر لوگوں کے دلوں پر نخوش کر دی ہیں جس کو بھلا پانا مشکل ہے۔