اتر پردیش کے ضلع بریلی کی ایک مسلم لڑکی نے ایک ہندو لڑکے سے شادی کرنے کے بعد ایک ویڈیو جاری کر ایس ایس پی سے تحفظ کی دراخواست کی ہے۔ مسلم لڑکی نے ہندو رسم و رواج کے مطابق مندر میں ہندو لڑکے سے شادی کی۔
مندر میں شادی کا وائرل ویڈیو حافظ گنج تھانہ حلقہ کے ریٹھورہ قصبے کا ہے، جہاں ایک مسلم لڑکی ہندو رسم کے مطابق ہندو لڑکے سے شادی کر رہی ہے۔ مندر میں پنڈت نے دونوں کی شادی ویدک منتر کے ذریعہ کرائی، جہاں آگ کے سامنے 7 چکر لگائے گئے، شوہر نے مانگ بھری اور اپنی اہلیہ کے گلے میں منگل سوتر پہنایا۔
وائرل ویڈیو میں لڑکی کا کہنا ہے کہ وہ بالغ ہے اور وہ بچپن سے ہندو رسم و رواج پر عمل کر رہی ہے۔ ویڈیو میں لڑکی نے کہا ہے کہ اس نے اپنی مرضی سے پنکج شرما سے شادی کی ہے اور وہ پنکج شرما کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرنا چاہتی ہے۔ لڑکی نے اپیل کی ہے کہ اس کے شوہر یا دوستوں کو پریشان نہ کیا جائے۔
معاملے کے متعلق پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان کا کہنا ہے کہ ایسے تمام معاملات میں جن میں لڑکا اور لڑکی دو الگ الگ مذہب کے ہوتے ہیں تو مقدمہ درج کر لڑکی کو کورٹ میں پیش کیا جاتا ہے اور اس کے 164 کے بیان درج کروائے جاتے ہیں، حالانکہ اس معاملے میں ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔