ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی سے فضائی سفر کب شروع ہوگا، یہ سوال ابھی بھی ایک سوال ہے۔ شہری ہوا بازی کاببنہ وزیر نند گوپال گُپتا نندی نے بریلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہوائی اڈے کے لئے عمارت اور وسائل مہیا کرانا حکومت کا کام ہے، لیکن فضائی سفر کے لیئے ایئر لائنس کمپنیوں کو ہی فلائٹ سروس کے لئے آگے آنا ہوگا۔ ٹربو ایوی ایشن اور زوم سمیت متعدد ایئرلائنز حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ان کے سی ای او کے ساتھ جلد مذاکرات بھی ہونے ہیں۔ ایئر لائنس کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے مسافروں کی سیٹوں پر سبسڈی دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زوم اور ٹربو ایوی ایشن سمیت دیگر ایئر لائنس کمپنیوں کے ساتھ حکومت کی بات چیت جاری ہے۔ جلد ہی ان کے اعلی افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ بھی ہوگی۔ بریلی ہوائی اڈے کے بارے میں بھی خصوصی فیصلے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایئر لائن کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے کہ اگر ہوائی جہاز میں مسافر کم ہوں گے تو خالی سیٹوں میں سے 50 فیصد تک مکمل سبسڈی ملے گی۔ اس میں مرکز اور ریاستی حکومت 20 فیصد ادا کرکے نقصان کی تلافی کے لئے بھی تیار ہے۔