ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں بھی کوویڈ-19 ویکسینیشن کے ماک ڈرِل کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اس تعلق سے محکمۂ صحت کے اہلکاروں کو تربیت دی گئی۔ جن چھ ہسپتالوں میں ڈرائی رن ہونا ہے، وہاں کے اہلکاروں کو بھی تربیت دی گئی ہے۔ گزشتہ اتوار کو محکمۂ صحت کے سی ایم او ڈاکٹر ایس کے گرگ نے ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرکے سبھی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔
پانچ جنوری کو ریاست اتر پردیش میں کورونا ویکسین کا ڈرائی رن ہونا ہے۔ جس کو لیکر بریلی میں بھی محکمۂ صحت نے سبھی تیاریاں مکمل کر لیں ہیں۔ محکمہ صحت نے آج ڈرائی رن کے حوالے سے ریہرسل کی اور ویکسین کی وین گاڑیوں کو مختلف مراکز میں بھیجکر اُس کی حفاظتی انتظامات اور وقت کے دورانیہ کا معائنہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: زائڈس کیڈلا کی کورونا ویکسین کو تیسرے مرحلے کے لیے اجازت
سی ایم او ایس کے گرگ نے ضلع اسپتال سے ویکسین وین کو سبز جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ کل یعنی پانچ جنوری کو ضلع اسپتال اور بریلی کے تینوں میڈیکل کالجوں سمیت کل چھ اسپتالوں میں ڈرائی رن کیا جائےگا۔ سی ایم او نے بتایا کہ آج ڈرائی رن کی دوبارہ ریہرسل کی گئی ہے اور ویکسین کو وین میں بھیجا گیا ہے۔ یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ ویکسین وین صحیح وقت پر کم سے کم دورانیہ میں پہنچ رہی ہے اور ویکسین ٹوٹ تو نہیں رہی ہے۔ فی الحال ویکسین کو لیکر محکمۂ صحت نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔