ریاست اترپردیش کے شہر بریلی کے تاج پلیس شادی ہال میں بریلی امن کمیٹی نے کل 221 غریب اور ضرورت مندوں کو لحاف اور گرم کپڑے تقسیم کیے۔
اس دوران شہر کے تمام معززین کی موجودگی میں کمیٹی کے تمام عہدے داران اور اراکین نے باری باری سے لوگوں کو مدعو کیا اور اُن کے ہاتھوں میں لحاف سونپا۔
اس سے قبل بریلی امن کمیٹی نے شہر کے متعدد علاقوں سے اپنی کمیٹی کے اراکین کی معرفت غریب اور ضرورت مندوں کا شمار کیا اور اُن کے گھر ایک ٹوکن بھیجا جس میں نام، پتہ اور ٹوکن نمبر لکھا ہوا تھا۔
بریلی امن کمیٹی نے تمام لوگوں کو آج شہر کے تاج پیلیس میں مدعو کیا اور ایس پی سٹی رویندر کمار کے ہاتھوں باری باری سے لحاف تقسیم کیا۔
لحاف حاصل کرنے والے شہریوں میں تمام مذاہب کے لوگوں نے شرکت کی اور لحاف حاصل کرکے خوشی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ہزاروں لوگ اس بغیر گرم کپڑے اور لحاف کے زندگی بسر کرنے کو مجبور ہیں، ایسی صورتحال میں اگر کوئی تنظیم چند لوگوں کو بھی سردی میں راحت پہنچانے کے لیے لحاف دیتی ہے، تو یہ عوامی خدمت کی شاندار نظیر ہے۔
اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر ایس پی سٹی رویندر کمار اور صدرِ کے طور پر خانقاہِ عالیہ نیازیہ کے منیجر حضرت شبّو میاں نیازی موجود رہے۔