سوپور: شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے تحصیل ہیڈکواٹر سوپور کی مشہور و معروف فروٹ منڈی کے اندر بنگلہ دیش سے آنے والے پھلوں کے بیوپاریوں کے منڈل نے آج فروٹ منڈی کے احاطہ میں واقع خریدار یونین دفتر پر ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اب کشمیر سے واپس چلے جائیں گے۔ یہاں سے سیب خریدنا بند کر دیں گے کیونکہ حکومت کی جانب سے سرینگر۔جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کو روکنا پریشان کن ہے اور اس وجہ سے ان کے پھل خراب ہوجاتے ہیں۔
اس دوران بنگلہ دیش سے آئے ہوئے بیوپاریوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مال بردار گاڑیوں کو سرینگر۔جموں قومی شاہراہ Jammu Srinagar National Highway پر روکنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے فروٹ تجارت سے وابستہ لوگوں کو کافی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دو دن کے اندر ان کے مسائل حل نہیں کئے گئے تو ہم وادی کشمیر سے اپنے ملک واپس جائیں گے اور یہاں پر کوئی خرید فروخت نہیں کی جاے گی۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ 'جس مال بردار گاڑی کو دس دن لگتے تھے اسی گاڑی کو آج بنگلہ دیش پہنچنے میں 20 دن لگتے ہیں جس سے ہماری گاڑی میں جو سیب ہوتے ہیں وہ خراب ہوجاتے ہیں اور ہمیں کافی نقصان ہوتا ہے۔
تاجروں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے۔