شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے بونيار میں کنٹرول لائن کے قریب آباد لوگوں کو کورونا وبا سے بچانے کے لیے محکمۂ صحت کے بونیار ہیلتھ بلاک کی جانب سے شروع کردہ ویکسنیشن مہم سو فیصد مکمل ہوچکی ہے۔ ایم او بونیار ڈاکٹر پرویز مسعودی نے علاقے کے دیہات میں آباد لوگوں کی ٹیکہ کاری انجام دینے کے لیے گھر گھر جانے کا فیصلہ کیا۔
مہم کے دوران بونيار سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب واقع شمالی چوٹالی، گگرہل، باغ ددرن، گواس، لچھی پورہ اور کورالی سمیت بلاک کے دیگر علاقوں میں 18 برس سے زائد عمر کے تمام افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے۔
بونیار ہیلتھ بلاک کی اس کوشش کا عام لوگوں نے خیر مقدم کیا ہے۔ ایل او سی کے بالکل قریب واقع کورالا گاؤں کی اشرفہ نامی خاتون کا کہنا ہے کہ 'وہ اس اقدام سے کافی خوش ہیں کیونکہ اس دور دراز علاقے میں طبی سہولیات کم ہیں، جس کی وجہ سے ٹیکہ کاری کے عمل میں دشواریاں پیش آرہی تھیں۔
پہلے پہل گاؤں کے لوگ ٹیکہ کاری سے کتراتے تھے لیکن محکمہ صحت کے اہلکاروں کی جانب سے ویکسینیشن کی اہمیت سمجھانے کے بعد گاؤں کے لوگوں نے ویکسین لگوانے کے لیے حامی بھرلی۔
ڈاکٹر شوکت نے ای ٹی وی بھارت سے کہا کہ 'بی ایم او بونيار کے ساتھ ہماری ٹیم نے بونیر کے دور دراز ایل او سی کے قریب واقع گاؤں پہنچے تھے اور ہم نے سو فیصد ویکسینیشن پوری کی۔
مزید پڑھیں: سُکھ جِندر سنگھ رندھاوا ہوسکتے ہیں پنجاب کے وزیراعلیٰ
اس تعلق سے ایک مقامی شخص نے کہا کہ ہمارے علاقے میں 18 سال سے زائد کے سبھی لوگوں نے ٹیکہ لگالیا ہے، بلاک میڈیکل افسر بونيار ڈاکٹر پرویز مسعودی نے کہا کہ 'آج ہمارا ویکسینیشن ڈرائیو تھا اور ساتھ ساتھ ہم نے سیکیوڑتی فورسسز کے تعاون فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا تھا'۔