جموں و کشمیر کی پولیس نے بانڈی پورہ سے آئی ایس جے کے، سے منسلک شدت پسند گروہ کو بےنقاب کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ایک مخصوص اطلاع پر بانڈی پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آئی ایس جے کے تنظیم کے پانچ معاونوں کو گرفتار کیا جو بانڈی پورہ کے مختلف مقامات سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ ان گرفتار شدگان میں سے ایک کا تعلق سرینگر سے ہے۔
ان کے قبضے سے میٹرکس شیٹ، آئی ایس جے کے، کے جھنڈے اور گولہ بارود سمیت دیگر تفتیشی مواد برآمد کی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش پر معلوم ہوا ہے کہ گرفتار کیے گئے نوجوان عسکریت پسند تنظیم آئی ایس جے کے سے وابستہ ہیں اور یہ مستقبل میں آرمی کیمپ پر حملہ کرنے کے بارے میں منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اس کے علاوہ وہ یہ لوگ دیگر نوجوانوں کو اس عسکریت پسند تنظیم میں شامل ہونے کے لئے کوششیں کررہے تھے۔ یہ نوجوان آئی ایس جے کے کا جھنڈا بنا رہے تھے اور سرینگر میں اپنے ساتھیوں کو اس کی سپلائی کر رہے تھے۔
اس سلسلے میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر 30/2020 تھانہ ارگام میں درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔