شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے نائدکھے علاقے میں سڑکوں کی ابتر حالت سے راہگیروں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
نائدکھے سوناواری گاؤں کی سڑکیں زیر آب ہیں، جب سے بارش ہوئی ہے تب سے پانی کے نکاسی کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں، جس کی وجہ سے سڑکوں کی حالت بہت خراب ہوگئی ہے۔
اس علاقے میں جگہ جگہ بڑے اور گہرے گڈھے ہوگئے ہیں جن میں اکثر پانی جمع ہوجاتا ہے۔ نتیجۃً یہاں سے گاڑی ہو یا پیدل دونوں صورتوں میں آنا جانا دشوار ہو گیا ہے۔
مذکورہ علاقے میں سڑکوں کی حالت پہلے سے ہی ابتر تھی تاہم پچھلی دفعہ ہوئی بارش کے سبب وہ مزید خراب ہوگئی ہیں اور جگہ جگہ جو گڈھے ہیں ان میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کا چلنا پھرنا دشوار ہوگیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہاں اندرونی سڑکیں پہلے ہی خستہ حالی کی شکار ہیں جن کی کافی عرصے سے کوئی مرمت نہیں کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے بھی کئی دفعہ اعلیٰ حکام تک اس بات کو پہنچایا لیکن کسی نے بھی اس پر غور کرنے کی زحمت نہیں کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے جتنا جلد ہوسکے کام شروع کیا جانا چاہئے وگرنہ مستقبل قریب میں پھر انہیں از حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔