حساس سیکورٹی اور ’بم بم بھولے‘ کے بلند نعروں کے بیچ سالانہ امرناتھ یاترا کا ایک اور قافلہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں پہلگام کے نن ون بیس کیمپ پہنچ گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امسال امرناتھ یاترا میں تین دنوں میں اب تک 33 ہزار یاتری گپھا کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔ جن میں سے 694 یاتریوں نے شیولنگم کے درشن کئے۔
اس موقعے پر یاتریوں میں کافی جوش و جذبہ پایا جارہا ہے اور یاتری انتظامات سے مطمئن نظر آ رہے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی یاترا کو کامیاب بنانے کےلئے اور یاتریوں کو ہر طرح کی سہولیت بہم پہنچانے کےلئے سیکورٹی سمیت غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے یاتریوں کا کہنا تھا کہ ’’پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال سیکورٹی کے زیادہ کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔‘‘
جہاں یاتریوں نے سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا وہیں جگہ جگہ تلاشی کارروائی اور چیکنگ سے ’’وقت کے زیاں‘‘ سے یاتری زیادہ مطمئن نظر نہیں آ رہے تھے۔