اننت ناگ میں قاضی گنڈ کے قریب نامعلوم عسکریت پسندوں نے بی ایس ایف قافلہ پر اچانک فائرنگ کردی، جس کے بعد بی ایس ایف اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ گذشتہ 6 گھنٹوں تک دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
بی ایس ایف اور عسکریت پسندوں کے درمیان جاری فائرنگ میں 2 مقامی افراد اور 2 سیکوریٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی ہوئے مقامی افراد کی شناخت دنتار کے رہنے والے ساحل یعقوب بھٹ اور کلگام کے رہنے والے شاہد فاروق شیخ کی حیثیت سے کی گئی جبکہ ساحل یعقوب بھٹ کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ فائرنگ میں ایک سی آر پی ایف کا جوان اور ایک فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ تازہ اطلاع کے مطابق بی ایس ایف اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
قبل ازیں کشمیر زون پولیس کے مطابق عسکریت پسندوں نے قومی شاہراہ پر بی ایس ایف قافلے پر فائرنگ کی تاہم حملے میں کسی کے زخمی ہونے اطلاع نہیں ہے۔ پولیس اور سی آر پی ایفس اور فوج کے سینیئر افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور عسکریت پسند قریبی عمارت میں موجود ہیں جسے محاصرہ میں لیا گیا ہے۔ وہیں قومی شاہراہ کو آمدروفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔