اننت ناگ : جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کانگریس صدر وقار رسول، پارٹی کے سابق صدر اور کانگریس کے سینئر رہنما غلام احمد میر کے علاؤہ متعدد کانگریسی رہنماؤں نے شرکت کی، جبکہ اجلاس میں سیکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکنان موجود تھے۔
اس موقع پر مقررین نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں ریاستی درجہ بحال کرے، کانگریس کے رہنماؤں نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کے لوگ مختلف پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں، اُس دن سے لے کر تاحال لوگوں کی پریشانیاں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک میں تعمیر و ترقی کی راہیں ہموار کی تھی، جموں وکشمیر میں خوشحالی لائی تھی۔ انہوں نے پارٹی ورکروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس کو زمینی سطح پر مضبوط کریں تاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت کامیاب ہو۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پردیش کانگریس صدر وقار رسول نے کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں مختلف پارٹیوں کا وجود عمل میں لایا جائے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کئی پارٹیوں کا قیام عمل میں لایا، اب کچھ دن پہلے اور ایک پارٹی کو تشکیل دیا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ جموں وکشمیر میں ووٹ کا بٹوارہ کروانا چاہتے ہیں۔ لوگ ان سب چیزوں سے باخبر ہیں کہ جو یہ آج کل یہاں پر نئی نئی پارٹیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، یہ سب بی جے پی کی پارٹیاں ہیں۔ بی جے پی اس بات کا انتظار کر رہی تھی کہ غلام نبی آزاد کب پارٹی بنائیں اور اس کے بعد ہی جموں وکشمیر میں انتخابات کا بگل بجا دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے ہر ضلع میں موجود ہے اور آنے والے وقت میں اپنے دم پر سرکار بنائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : Ashok Koul On JK Assembly Election جموں و کشمیر میں الیکشن مارچ یا اپریل میں ہوسکتے ہیں، اشوک کول