پلوامہ: وادیٔ کشمیر میں موسم بہار کا آغاز ہوا ہے جس کے ساتھ ہی یہاں کے کسانوں نے مختلف قسم کی کھیتی باڑی کا کام کرنا شروع کیا ہے۔ جہاں ایک جانب کسان محتلف اقسام کے بھیج لگاتے ہیں وہیں کسان اپنے باغات میں مختلف اقسام کی ادویات چھڑکنے کا کام بھی انجام دے رہے ہیں۔ اگر دیکھا جائے تو رواں سال موسم میں تبدیلی آئی ہے اور دن کے درجۂ حرارت میں ضرورت سے زیادہ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
کسانوں کو محکمۂ باغبانی کے ماہرین وقتاً فوقتاً مشورہ پیش کرتے رہتے ہیں۔ بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر محکمہ باغبانی کے ماہرین نثار احمد نے کہا کہ مارچ کے ماہ میں ہی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے تاہم کسانوں کو محکمہ کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کسان ادویات کا استعمال کررہے تاہم کسانوں کو چاہیے کہ وہ دن کے وقت میں ادویات کا استعمال نہ کرے بلکہ صبع یا شام کے وقت میں ادویات کا استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ پھول نکلنے کے وقت کسان ادویات کا استعمال نہ کریں بلکہ پھول گرنے کے بعد ہی ادویات کا استعمال کریں۔