ایک طرف جہاں دنیا بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے صفائی ستھرائی کی مہم کو بڑھاوا دیا جا رہا ہے۔ وہیں جنوبی کشمیر کے ڈورہ ویریناگ میں میونسپل کمیٹی کی طرف سے کوڑا کرکٹ مقامی نالہ میں پھینکنے پر علاقے میں بیماری پھوٹنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے عوام میں خوف و تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ’’ڈورو ویری ناگ کے پولیہ گاؤں نالہ سندرن میں مقامی میونسپلٹی کوڑا کرکٹ ڈالنے میں مصروف ہے۔‘‘
پولیہ گاؤں کے مقامی باشندوں کے مطابق میونسپل کمیٹی ڈورو ویری ناگ کوڑا کرکٹ کو ڈمپنگ سائٹ کے بجائے نالہ سندرن میں پھینک رہی ہے جس کی وجہ مذکورہ نالہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گندگی کے ڈھیر نے علاقے کے لوگوں کا جینا دشوار بنایا ہیں اور گندگی سے اٹھنے والی بدبو سے علاقے میں بیماریاں پھوٹنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی آبادی میں خوف و تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے۔
علاقے کے لوگوں نے انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر چہ آج کل کوروناوائرس کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لیے ہر جگہ صفائی کی مہم چھیڑی جا رہی ہے تاہم ہمارے علاقے کے ساتھ سوتیلی ماں کا سا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟‘‘
انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی صفائی کے بجائے علاقے کو گندا کر رہی ہے۔