انتظامیہ نے محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے نتاظر میں چار اگست تک امرناتھ یاترا کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دریں اثناء سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ بند رہنے کی وجہ سے بدھ کو حکام نے جموں سے روانہ ہونے والی امرناتھ یاترا کو ایک روز کے لیے معطل کیا ہے۔
ایک یاترا افسر نے بتایا کہ 'سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے بدھ کو جموں میں واقع بھگوتی نگر یاتری نواس سے کسی بھی یاتری کو وادی کی طرف روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'صرف ان ہی یاتریوں کو مقدس گپھا کی طرف روانہ ہونے کی اجازت ہوگی جو پہلے سے ہی بال تَل یا پہلگام پہنچ چکے ہیں۔'
واضح رہے کہ یکم جولائی سے جاری سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران اب تک تقریباً ساڑھے تین لاکھ یاتریوں نے شیو لنگم کا درشن کیا ہے۔'
سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک تیس سے زیادہ یاتریوں کی مختلف وجوہات کے سبب موت ہوئی ہے، جن میں دو سادھو اور دو سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اب تک قریب چالیس یاتری بیمار ہوئے ہیں یا سری نگر ۔ جموں قومی شاہراہ پر چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے پیش آئے حادثے میں زخمی ہوئے ہیں۔ ڈیڑھ مہینے تک جاری رہنے والی یاترا 15 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق مسلسل بارش کی وجہ سے بال تل اور چندن واڑی سے ٹریک پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ جموں خطے میں چٹانیں کھسکنے اور مٹی تودے کی وارننگ دی گئی ہے۔