علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تاریخی ماہنامہ 'یونیورسٹی گزٹ' کو خود بانی درس گاہ سر سید احمد خان نے 30 مارچ 1866 کو اردو اور انگریزی زبان میں جاری کیا تھا۔ جس میں ادارے سے متعلق اہم دستاویزات شائع ہوئیں۔
صد سالہ تقریبات کی یادگار کے طور پر اے ایم یو گزٹ کا خصوصی شمارہ جس کا اجراء خود وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے 9 جولائی 2021 کو کیا تھا۔
پروفیسر شافع قدوائی نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ یونیورسٹی گزٹ کا صد سالہ خصوصی شمارہ سے متعلق سوشل میڈیا اور اخبارات میں بہت کچھ کہا جا رہا ہے۔ اس میں دو تین باتیں سمجھنے کی ہیں، ایک تو یہ ہے کہ صد سالہ خصوصی شمارہ کا کیا مطلب ہے، لوگ تو یہ سمجھ رہے ہیں کہ یونیورسٹی کی سو سال کی تاریخ بیان کی گئی ہے۔
صدسالہ خصوصی شمارہ اس پر نہیں ہے یونیورسٹی کے سو سال کی تاریخ کے لئے ایک علیحدہ کتاب تیار ہو گئی ہے، جلد ہی اس کا اجراء ہوگا۔ یہ جو یونیورسٹی گزٹ کا صدسالہ خصوصی شمارہ ہے اس میں یونیورسٹی کے صدسالہ تقریبات پر جو مختلف پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں نے ویبینار کروائے تھے، باب صدی کی تعمیر ہوئی، صدسالہ تقریب کے روز ملک کے وزیراعظم نے ایک خاص ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا اور صد سالہ تقریب میں جو ملک کے وزیراعظم مہمان خصوصی کی حیثیت سے اور اس وقت کے وزیر تعلیم مہمان اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوئے تھے، ان کی تقریر اور تصویر کو خصوصی شمارہ میں شامل کیا گیا ہے۔
پروفیسر شافع قدوائی نے مزید کہا یونیورسٹی گزٹ صدسالہ خصوصی شمارہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقریب پر ہے، اے ایم یو نے کس طرح اپنے قیام کا سو سالہ جشن منایا اس کو یہ سمجھ لینا کہ یونیورسٹی کی تاریخ اور سرسید احمد خان کے بارے میں ہے تو یہ دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ یونیورسٹی گزٹ کا خصوصی شمارہ یونیورسٹی کے صد سالہ تقریبات سے متعلق ہے۔
واضح رہے کہ اردو اور انگریزی زبان میں اے ایم یو شعبہ رابطہ عامہ سے شائع ہونے والا تاریخی 'یونیورسٹی گزٹ' اس بار سر سید اکیڈمی نے شائع کیا، جس کی ادارتی کمیٹی کو بھی تبدیل کردیا گیا۔
خصوصی صد سالہ شمارہ آٹھ صفحات کو چھوڑکر انگریزی زبان میں شائع کیا گیا۔ اس سے قبل یونیورسٹی گزٹ اردو اور انگریزی دونوں ہی زبانوں میں شائع ہوتا تھا۔
'یونیورسٹی گزٹ' یونیورسٹی کا آفیشیل ترجمان ہے جس میں یونیورسٹی کی تمام سرگرمیاں شامل کی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں:
اے ایم یو 'صد سالہ خصوصی شمارہ' پر اعتراض کیوں؟
اے ایم یو کے موجودہ و ریٹائرڈ تدریسی ملازمین، اے ایم یو طلبہ اور طلبہ رہنما اس پر اعتراض جتارہے ہیں۔ ان کے مطابق صد سالہ خصوصی شمارہ 'یونیورسٹی گزٹ' پر متعدد اعتراضات ہیں۔ اے ایم یو صد سالہ تقریب دسمبر 2020 کے بجائے جولائی 2021 میں صد سالہ خصوصی شمارے کا اجراء کیوں کیا گیا، وزیر اعظم کی 7 اور سابق وزیر تعلیم کی 5 تصاویر کو 'یونیورسٹی گزٹ' میں لگانا، گزٹ کی روایات کے برخلاف ہے۔ اردو زبان کو محض چند صفحات تک محدود کیا گیا ہے جب کہ 8 صفحات کو چھوڑ کر یونیورسٹی گزٹ کو انگریزی زبان میں شائع کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ادارتی کمیٹی کو تبدیل کرنا، یونیورسٹی کی تعمیر میں تعاون کرنے والی اہم شخصیت کا تذکرہ نہ کرنا بھی کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔