علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر تہذیب الاخلاق کے خصوصی شمارہ 'صدی نمبر' کی اشاعت ہونی ہے۔
اس سلسلے میں حکیم سید ظل الرحمن کی صدارت میں ادارۂ تہذیب الاخلاق کے ایڈیٹوریل بورڈ اور دیگر اساتذہ کی ایک میٹنگ میں طے پایا گیا کہ مسلم یونیورسٹی کی سوسالہ روشن تاریخ کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی نمبر شائع کیا جائے۔
ساتھ ہی یہ بھی طے ہوا کہ سرسید نے جن مقاصد کی تکمیل کے لیے سنہ 1870 میں تہذیب الاخلاق جاری کیا تھا ان کے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے اصلاحی مضامین شائع کیے جائیں۔
میٹنگ کا انعقاد ادارۂ تہذیب الاخلاق کے مدیر پروفیسر سعود عالم قاسمی نے کیا تھا۔ جس میں ماہر سرسید اور سرسید اکیڈمی کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر شاہ محمد، سرسید اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پروفیسر سید علی محمد نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شاہد، تہذیب الاخلاق کے سابق مدیر اور نامور ناقد پروفیسر ابوالکلام قاسمی، شعبہ اردو کے صدر پروفیسر ظفر احمد صدیقی، سابق صدر پروفیسر صغیر افراہیم بیگ، صدر شعبہ ترسیل عامہ پروفیسر شافع قدوائی، فکرونظر کے مدیر پروفیسر سید محمد ہاشم، فلسفہ کے پروفیسر عبداللطیف کاظمی، شعبہ کیمیکل انجینیئرنگ کے صدر نسیم احمد خان اور اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راحت ابرار نے حصہ لیا۔