تاریخی شہر علی گڑھ کا نام تبدیل کرکے 'ہری گڑھ' کرنے کی تجویز ضلع پنچایت میں پاس ہونے کے بعد سے ہی علی گڑھ شہر کا ماحول گرما گیا ہے سیاسی رہنما سمیت سماجی کارکنان اور اسکالرز بھی مختلف مقامات پر اس سے متعلق بحث کرتے نظر آرہے ہیں۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کے سابق نائب صدر اور آزاد سماج پارٹی کے رہنما حمزہ سفیان نے علی گڑھ ضلع پنچایت کی جانب سے پاس کی گئی تجویز جس میں تاریخی شہر علی گڑھ کا نام تبدیل کرکے ہری گڑھ کرنے کی بات کہی گئی ہے کے خلاف ایک پریس کانفرنس انوپ شہر روڈ پر واقع گلمرگ ہوٹل میں کی۔
اس پریس کانفرنس میں حمزہ سفیان نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے حکومت کے ذریعے کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے پر اسے ناکام حکومت بتایا اور کہا کہ 'کیا کسی بھی شہر اور ریاست کا نام تبدیل کرنے سے ملک میں بے روزگار لوگوں کو نوکریاں ملیں گی؟ کیا ملک کے مسائل حل ہوجائیں گے؟ کیا ملک کی معیشت بہتر ہو جائے گی؟ کیا اس سے ملک کی ترقی ہو گی؟
حمزہ سفیان نے کہا کہ انتخابات سے قبل کیے گئے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا اور کورونا وبا کے دوران کس طرح سے ملک میں آکسیجن کی کمی سے لوگوں کی اموات ہوئیں، شمشان میں جلانے کے لیے لکڑیاں نہیں تھی، قبرستان میں دفنانے کے لئے جگہ نہیں تھی، کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہوئی ہے۔
حمزہ سفیان نے کہا کہ میں صرف اپنی آزاد سماج پارٹی کی جانب سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر موجودہ حکومت اس طرح کی سیاست سے باز نہیں آتی تو آزاد سماج پارٹی ایک بہت بڑی تحریک کی تیاری میں ہے۔
مزید پڑھیں: اعظم خان کی رہائی کے لیے یو این کو ای میل
سنہ 2022 کے انتخابات سے قبل تاریخی شہر علی گڑھ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز ضلع پنچایت میں پاس کرکے ریاستی حکومت کو بھیجنا ایک سیاست ہے۔ موجودہ حکومت کے انتخابات سے قبل کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کیے جانے کی وجہ سے پوری طرح سے ناکام حکومت ثابت ہورہی ہے۔ اسی لئے آنے والے انتخابات کے مدنظر نفرت کی سیاست کرتے ہوئے ایک طبقے کو نشانہ بنارہی ہے۔