ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں مدرسہ چاچا نہرو واقع ہے جس میں تقریبا چار ہزار غریب طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
مدرسہ چاچا نہرو کی بانی سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی اہلیہ سلمیٰ انصاری ہیں۔
یوم اطفال کے موقع پر مدرسہ میں متعدد کھیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں سلمیٰ انصاری نے کہا کہ انکا کام بچوں کو تعلیم دینا ہے اور ایسے بچوں کو تعلیم دینا ہے جو غریب ہیں، جن کو بہت بڑے خواب دیکھنے کی طاقت بھی نہیں رہتی ہے۔ ’ان کو آگے بڑھانے کے لیے صحیح راستے پر چلانا میرا کام ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ مندر مسجد میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔اور نہ ہی انہیں لگتا ہے کہ اس کو بہت زیادہ اہمیت دینی چاہیے۔ ’ملک میں بہت سی ایسی چیزیں ہیں جس پر لوگوں کو غور کرنا چاہیے اور ان کے بارے میں فکر کرنی چاہیے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ یہ مندر مسجد اب بہت پٹ گیا ہے اس میں کچھ جان نہیں رہی ہے۔
جو انسان پڑھا لکھا ہوتا ہے وہ جانتا ہے ہر مذہب سکھاتا ہے کہ پیار محبت سے آپس میں مل جل کر رہو۔ کوئی مذہب یہ نہیں سکھاتا کہ دوسروں کو قتل کردو اور ہر مذہب میں ایسے لوگ آئے ہیں جنھوں نے محبت کا پیغام دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پوری طاقت ملک میں اس طرح صرف کرنی چاہیے کہ ہمارا ملک ترقی یافتہ ممالک کے صف میں کھڑا ہو۔