جماعت اسلامی کی سیاسی پارٹی ’ویلفیئر پارٹی آف انڈیا‘ کے قومی صدر اور جی این یو کے اسکالر عمر خالد کے والد سید قاسم رسول الیاس ریاست اترپردیش کے اسمبلی انتخابات 2022 کے حوالے سے ریاست کے مختلف اضلاع کے دورے پر ہیں۔
اسی ضمن میں وہ بدایوں کے دو روزہ دورے پر آئے، جہاں ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے بی جے پی کو شکست دینے کے لیے سماج وادی پارٹی سے اتحاد کیا ہے اور یہ انتخاب کافی زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس الیکشن سے طے ہوگا کہ اترپردیش میں امن کا راج ہوگا یا جنگل راج۔
قاسم رسول الیاس نے مزید کہا کہ ہم سماج وادی پارٹی کے ساتھ مل کر ریاست کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے اور بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے پوری کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ انھوں یہ بھی کہا کہ ملک کی تمام سیکولر جماعتوں کو متحد ہوکر بی جے پی کو شکست دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں
- جمہوریت کو بچانے کے لیے عوام کو آگے آنا ہوگا: ڈاکٹر قاسم رسول الیاس
- 'ویلفیئرپارٹی مذہب اور ذات پات کی سیاست نہیں کرتی'
- 'سرکردہ شخصیات کے خلاف ایف آئی آر تشویشناک'
اسمبلی انتخاب میں نششتوں کی تقسیم کے حوالے سے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر نے کہا کہ ہم نے سماج وادی پارٹی سے چند سیٹوں کا مطالبہ کرتے ہوئے اتحاد کیا ہے اور یہ بھی کہا کہ ہم اترپردیش کی 100 سے 150 سیٹوں پر اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر قاسم رسول الیاس نے سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور ریاست کے سابق وزیر اعلی اکھیلیش یادو سے ملاقات کی تھی، جس پر ریاست اترپردیش کے موجودہ وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ سماج وادی پارٹی، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ساتھ مل کر ملک کے خلاف سازش کر رہی ہے۔