علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے قہر برپا رہی ہے، ہر روز کسی نا کسی شخص کی موت واقع ہورہی ہے، گزشتہ روز بھی اے ایم یو جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے پروفیسر نصیر الدین کا انتقال ہوگیا۔
کورونا کی دوسری لہر میں گزشتہ 25 روز میں تقریبا ساٹھ سے زیادہ تدریسی وغیرہ تدریسی عملہ کی موت ہو چکی ہے، جس میں موجودہ، سبکدوش اور اسکول کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ تمام لوگوں کی اموات کورونا کے سبب ہوئی ہے یہ کہنا تھوڑا مشکل ہوگا لیکن زیادہ تر اموات کورونا سے ہوئی ہے۔
کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی تاریخی جامع مسجد میں آج عید الفطر کی نماز ادا نہیں کی گئی۔ عیدالفطر کے موقع پر بھی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس میں رونق دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے کیونکہ کہ اے ایم یو کے ساتھ ساتھ رہائشی ہال بھی بند ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا "عید کے مبارک موقع پر عام طور پر لوگ ایک دوسرے سے معانقہ کرتے ہیں، رشتے داروں و احباب کے گھر جاتے ہیں اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں لیکن کووڈ کے باعث حالات مختلف ہیں اور روایتی خوشی کا ماحول نہیں ہے پھر بھی ہم گھر پر رہ کر عید منا سکتے ہیں اور دور رہ کر بھی اپنے احباب و رفقاء سے رابطہ کر سکتے ہیں۔" وائس چانسلر نے سبھی کو نیک خواہشات پیش کیں۔