علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پی آر او عمرسلیم پیرزادہ نے جمعرات کے روز بتایا کہ سابق کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد عرفان آج ہمارے بیچ نہیں رہے انہوں نے آج آخری سانس اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں لی۔ ان کی عمر تقریبا 73 سال تھی اور وہ 2007 سے 2009 تک اے ایم یو میں کنٹرولر امتحانات رہے۔
2004 سے 2007 تک شعبہ طبیعیات کے چیئرمین رہے اور شعبہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سرن (CERN) پروجیکٹ کے تحت بطور کوآرڈینیٹر سائنسدانوں کی ٹیم کی قیادت کی اور تحقیقی پروجیکٹ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ پروفیسر محمد عرفان اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری بھی رہے۔ وہ طلبہ اور اپنے رفقاء میں کافی مقبول تھے۔
عمرسلیم پیرزادہ نے مزید بتایا وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر عرفان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، ان کی علمی اور انتظامی صلاحیتوں کا سبھی نے اعتراف کیا ہے۔