کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ العمل ہے، تاہم گزشتہ روز حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق ملک بھر میں شراب کی دوکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
شراب کی دکانیں کھولنے کی اجازت ملنے کے بعد نہ صرف علیگڑھ میں بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں میں شراب کی دکانوں پر خاصی بھیڑ دیکھی گئی اور کروڑوں روپے کی شراب ایک ہی دن میں خریدی گئی۔
صرف ضلع علی گڑھ میں ہی گزشتہ روز چھ گھنٹوں میں تقریبا 15 کروڑ روپیے کی شراب لوگوں نے خریدی۔
اے ایم یو کے جے این ایم سی، آر ڈی اے کے ڈاکٹرز نے حکومت سے ملک بھر میں شراب کی دکانوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آر ڈی اے صدر ڈاکٹر حمزہ ملک نے بتایا کہ ’’جس طریقے سے حکومت نے ملک شراب کی دوکانیں کھولنے کی اجازت دی ہے اس سے یہ اندیشہ ہے کہ ہمارے میڈیکل کالج میں اور ملک کے دیگر اسپتالوں میں وہاں پر ایسے مریضوں کی آنے کے امکانات زیادہ ہے جو شراب کا زیادہ استعمال کئے ہوئے ہوں گے، یا پھر شراب کے نشے میں کہیں پر حادثے کا شکار ہوئے ہوں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’آر ڈی اے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ملک کی ایک ذمہ دار ایسوسیشن ہونے کی حیثیت سے حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ریاست خاص کر علیگڑھ ڈی ایم سے شراب کی دکانوں کو فوری طور پر بند کر دیا جائے تاکہ انتظامیہ اور اسپتال میں تعینات ڈاکٹر صاحبان کے کام میں مزید اضافہ نہ ہو۔‘‘