ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں واقع معروف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقد نارتھ زون انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں میزبان اے ایم یو نے دہلی یونیورسٹی کی ٹیم کو 52 رنز سے ہرا کر خطاب اپنے نام کیا۔
یونیورسٹی کے تاریخی ویلنگدن کرکٹ پویلین پر کھیلے گئے فائنل میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اے ایم یو نے 35 اوورز میں تین وکٹ کے نقصان پر 250 رنز بنائے جس میں حنان رضوان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سولہ چوکے اور دو چھکوں کے ساتھ 98 گیندوں میں 120 رن بنائے جبکہ حماد نے 88 رنوں کی اننگ کھیلی۔ دہلی کی طرف سے یوراج نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی یونیورسٹی کی ٹیم 32.2 اوورز میں 198 رنز بنائے۔ دھرو نے سب سے زیادہ 64 اور شیوم گپتا نے 44 رن بنائے۔
اے ایم یو کی طرف سے مجیب نے 7 اوورز میں 39 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کیے۔ اے ایم یو کے حنان رضوان کو ان کی شاندار بلے بازی کے لیے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ٹورنامنٹ میں سب سے عمدہ بولر کا انعام اے ایم یو کے عادل علوی اور سب سے عمدہ بلے باز کا انعام حماد اور حنان کو مشتر کہ طور پر دیا گیا۔
اس کے علاوہ میچ آف دی ٹورنامنٹ کا انعام مشترکہ طور پر پرتھم اور امن کو دیا گیا۔
فاتح اور رنراپ ٹیم کو اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری اور آئی پی ایل کے سابق چیئرمین راجیو شکلا، اے ایم یو پروفیسر طارق منصور اور پرو وائس چانسلر پروفیسر افتخار حسین نے ٹرافی پیش کی۔
تقسیم انعامات تقریب میں حاضرین کا استقبال گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر ایس امجد علی رضوی نے کیا۔
راجیو شکلا کی اے ایم یو آمد پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے انہیں ٹیبل بک "جہان سید" بھی پیش کی۔