ریاست اترپردیش کے ضلع علیگڑھ کٹپولے کے قریب واقع تقریبا 750برس پرانی درگاہ 'برچی بہادر' کے آس پاس کے دکانداروں اور مانگ کر کھانے والوں کو لاک ڈاؤن کے سبب خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سیکڑوں سال قدیم درگاہ برچی بہادر پر روزانہ مختلف مذاہب کے سیکڑوں افراد منت مانگنے چادر چڑھانے آتے تھے لیکن گزشتہ تقریبا تین ماہ سے بند ہونے کی وجہ سے آس پاس کے دکاندار اور فقیر پریشان ہیں۔
درگاہ کے چوکیدار چاہت نے بتایا کہ' یہاں کے دکاندار کافی پریشان ہیں ان کی روزی روٹی نہیں چل رہی ہے۔
مرید باہر سے ہی چلے جاتے ہیں ہم سے دروازہ کھولنے کو کہتے ہیں لیکن اجازت نہ ہونے کے سبب ہم نہیں کھولتے۔درگاہ کے قریب بیٹھی ایک فقیر سلمہ نے بتایا کہ ہمیں یہاں کھانے پینے پہننے اوڑھنے کی چیزیں مل جا یا کرتی تھیں، لیکن لاک ڈاؤن کے سبب نہ یہاں لوگ آتے ہین اور نہ ہمیں کچھ ملتا ہے، ہم چاہتے ہیں درگاہ کھل جائے تاکہ روزی روٹی چل سکے۔
درگاہ کے قریب ایک دکاندار عمران نے بتایا بابا کی درگاہ سبھی مزاہب کے لوگ آیا کرتے تھے لیکن آج کل جو لوگ بھی آتے ہیں درگاہ کو بند دیکھ کر لوٹ جا تے ہیں، جس کے سبب پھول، چادر، اگربتی، ان طرح کی چیزون کا کوئی خریدار نہیں ہے۔ یہی ہماری روزی روٹی کا واحد راستہ تھا جو پوری طرح سے بند ہو گیا ہے۔ہم چاہتے ہیں درگاہ کھل جائے تاکہ ہماری روزی روٹی بھی چل جائے۔