ملک میں راجستھان کے شہر اجمیر کو انسانیت اور بھائی چارہ کا مرکز تصور کیا جاتا ہے جہاں ایک بار پھر خدمت خلق کا زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ اجمیر کے مقامی لوگوں نے 3 روز قبل پنجاب کے زائرین کے ساتھ پیش آئے سڑک حادثے کے متاثرین کو بذریعہ ٹرین انہیں واپس گھروں کو روانہ کیا۔
واضح رہے کہ تین روز قبل پنجاب سے زائدین کا ایک قافلہ اجمیر شریف پہنچا تھا کہ درگاہ شریف کے قریب واقع پہاڑی راستہ پر ان کے ٹرک کا بریک فیل ہوگیا تھا جس کے بعد حادثہ پیش آیا تھا جس میں دو افراد ہلاک اور دیگر متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس مشکل گھڑی میں مقامی لوگوں نے پنجاب کے زائرین کی بھرپور مدد کی۔ زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا اور ان کے کھانے و قیام کا معقول انتظام کیا گیا۔ آج پنجاب سے آئے 40 سے زیادہ زائرین کو بذریعہ ٹرین واپس ان کے مقام کو روانہ کیا گیا۔
مقامی شخص ایس ایم اکبر کے مطابق خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ آنے والے زائرین کی خدمت سے انہیں اور ان کی پوری ٹیم کو روحانی سکون حاصل ہوا ہے، , مصیبت میں کام آنا ہی سچی انسانیت ہے- اجمیر ریلوے اسٹیشن پر پنجاب واپس لوٹنے والے زائرین نے مقامی افراد کا شکریہ ادا کیا۔