کانفرنس میں شہید پولیس افسران کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور صوفی ازم کو فروغ دینے کی بات کہی گئی۔
اس موقع پر سنی یوتھ ونگ کے قومی صدر وسیم اشرفی نے کہا کہ 'دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ اسے مذہب سے نہ جوڑا جائے۔ دہشت گردانہ حملہ کرنے والے بزدل اور مفرور ہیں۔ قرآن اس کی اجازت نہیں دیتا۔ قرآن اور اسلام امن و شانتی کا پیغام دیتا ہے'۔
سنی یوتھ ونگ گجرات کے صدر محمد رفیق نوری نے کہا کہ 'کہیں بھی دہشت گردانہ حملہ ہوتا ہے، اسے مذہب اسلام سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ مذہب کے تعلق سے لوگوں کا ذہن صاف کرنا۔'
انہوں نے بتایا کہ 'اس کانفرنس کا مقصد ملک میں بھائی چارہ، امن و اتحاد قائم کرنا ہے'۔
'پیغام امن' کانفرنس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے امن کے پیغام کو مزید فروغ دینے کا عہد کیا اور شدت پسندی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے آواز اٹھائی۔