نئی دہلی: اپریل-جون 2022 کی سہ ماہی کے لیے جی ڈی پی ڈیٹا: رواں مالی برس کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی کی شرح نمو 13.5 فیصد رہی، جو گزشتہ ایک برس کے دوران ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ سہ ماہی شرح نمو ہے۔ تاہم اس کے باوجود، یہ شرح نمو ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) اور کئی دوسرے ماہرین کے اندازوں سے کم ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے اپریل-جون 2022 کے دوران ملک کی جی ڈی پی کی شرح نمو 16.2 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا تھا۔ کئی دوسرے تجزیہ کاروں نے بھی شرح نمو 15 فیصد سے اوپر رہنے کی توقع ظاہر کی تھی۔ لیکن بدھ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار ان توقعات پر پورا نہیں اترے۔ India's GDP expands by 13.5 pc in first quarter 2022-23
قومی شماریاتی دفتر این ایس او کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مالی برس 2022-23 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملک کی حقیقی یعنی ریئل جی ڈی پی 36.85 لاکھ کروڑ روپے رہی، جو مالی برس 2021۔22 کی پہلی سہ ماہی کی 32.46 لاکھ کروڑ روپے کے مقابلے میں 13.5 فیصد زائد ہے۔ اس سے قبل گذشتہ مالی برس کی پہلی سہ ماہی یعنی اپریل تا جون 2021 کے دوران سب سے زیادہ سہ ماہی ترقی کی شرح 20.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ مالی برس 2021-22 کی دوسری سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی کی شرح نمو 8.4 فیصد اور تیسری سہ ماہی میں 5.4 فیصد رہی۔ گزشتہ مالی برس کی چوتھی سہ ماہی یعنی جنوری تا مارچ 2022 کے دوران یہ مزید گر کر 4.1 فیصد پر آ گئی تھی۔
بتادیں کہ آر بی آئی نے رواں مالی برس کے لیے معاشی ترقی کی شرح 7.2 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے۔
مزید پڑھیں: