حکومت اترپردیش کی پالیسیوں سے حوصلہ پاکر امریکہ کی تین کمپنیوں سمیت 40 سے زائد غیر ملکی کمپنیوں نے تقریبا 17000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجویز پیش کی ہے۔
مائیکروسافٹ، پیپسیکو اور ایم اے کیو سافٹ وئیر نے بھی اپنی اکائیاں قائم کرنے کے لئے ریاستی حکومت سے زمینیں لی ہیں۔
مائیکروسافٹ اور ایم اے کیو سافٹ ویئر نوئیڈا میں اپنے پروجیکٹ قائم کریں گے جبکہ پیپسیکو متھرا میں اپنی فیکٹریوں کی تعمیر شروع کر دی ہے۔
ریاستی محکمہ صنعت کے عہدیداروں کے مطابق ان امریکی کمپنیوں کے علاوہ، یو ایس انڈیا اسٹریٹجک پارٹنرشپ فورم سے وابستہ کئی دوسرے بڑے امریکی سرمایہ کار ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔
یہ امریکی سرمایہ کار بھارت میں امریکی سفیر کے توسط سے ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔
ریاست کی یوگی حکومت سے بھی فورم سے وابستہ امریکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق چند روز قبل یو ایس انڈیا اسٹریٹجک پارٹنرشپ فورم سے وابستہ کاروباری افراد کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران امریکی کمپنیوں نے طبی آلات، ڈیجیٹل ادائیگی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
حکام کے مطابق ، ایڈوب، ایمیزون، امریکن ٹاور کارپوریشن آف امریکہ، ایپل، کیٹرپلر، ڈیلفی، سسکو، ڈیلوئٹ، ایمرسن، ارنسٹ اینڈ ینگ، گوگل، جانسن اینڈ جانسن، جے پی مورگن اینڈ کمپنی، لاک ہیڈ مارٹن، میریٹ انٹرنیشنل، ماسٹر کارڈ، بگ مونڈیلیز انٹرنیشنل، والمارٹ، واربرگ پنکس، آئی ایچ ایس مارکٹ اور یو ایس آئی بی سی جیسی کمپنیاں ملک اور ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔
ان میں سے ایڈوب، ایمیزون، مائیکروسافٹ، ڈیلفی نیو ہالینڈ، گلوبل لاجک، ایکسل اور پیپسیکو جیسی کمپنیاں پہلے ہی سےبھارت میں کاروبار کر رہی ہیں۔
(یو این آئی)